لسی کا شمار ان ایشیائی مشروبات میں سے ہوتا ہے جو برصغیر پاک و ہند کے ہر علاقے اور ہر عمر کے فرد کا پسندیدہ مشروب ہے۔ دودھ اور دہی کی آمیزش سے تیار کیا جانے والا یہ مشروب میٹھے اور نمکین دونوں ذائقوں میں بنایا جاتا ہے اور عام طور پر کھانے کے ساتھ پیا جاتا ہے۔ اگرچہ اس مشروب کا استعمال سال کے بارہ مہینوں میں کیا جاتا ہے مگر رمضان کے دوران اس کا استعمال معدے کی بیماریوں کا علاج بھی کرتی ہے۔ گرمیوں کے موسم میں اس کی ٹھنڈی تاثیر کے سبب اس کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔
۔ 1 گرمی کے موسم میں لسی کے طبی فوائد
گرمی کے موسم میں جب موسم کے اثرات براہ راست انسان کی صحت کو متاثر کر سکتے ہیں تو ایسے میں کھانے پینے میں کی جانے والی احتیاط انسان کو صحت کے بڑے مسائل سے محفوظ رکھ سکتی ہے ۔اور ایسے میں لسی کا استعمال صحت کو جو فوائد دیتا ہے وہ کچھ اس طرح سے ہو سکتے ہیں۔
۔ 1 لسی ہاضمے کے لیۓ مفید ہوتی ہے
لسی کو بنانے کے لیے دہی کا استعمال کیا جاتا ہے، جو کہ ہاضمے کے لیے بہت مفید ہوتی ہے۔ دہی کے اندر ایسے بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں۔ جو آنتوں کے لیۓ بہت فائدہ مند ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے کھانے کے ساتھ اس کا استعمال بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ لسی پرو بائیوٹک کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے جو کہ معدے میں ایسے بیکٹیریا کو پیدا ہونے سے روکتے ہیں جو کہ ہاضمے کے لیۓ خطرناک ہوتے ہیں۔
۔ 2 لسی وزن کم کرنے میں مدد کرتی ہے
لسی کا شمار ایسی غذاؤں میں ہوتا ہے جو کہ غذائیت سے بھر پور ہونے کے ساتھ ساتھ کم کیلوری کی حامل ہوتی ہے اس وجہ سے اس کا استعمال ان لوگوں کے لیۓ بہت بہتر ہوتا ہے جو کہ بڑھتے ہوۓ وزن سے پریشان رہتے ہیں۔ پیٹ کی چربی جو موٹاپے کا باعث ہوتی ہے اور معدے کےگرد جمع ہو جاتی ہے اس کو پگھلانا ایک مشکل کام ہوتا ہے لسی ایسی چربی کو پگھلانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
۔ 3 لسی قوت مدافعت کو مضبوط کرتی ہے
لسی وٹامن ڈی اور لیکٹک ایسڈ سے بھر پور ہوتی ہے، جس وجہ سے گرمی کے سبب ہونے والی بیماریوں سے لڑنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے اور جسم کو اندرونی طور پر مضبوط کر کے بیماریوں کے خلاف لڑنے کی طاقت فراہم کرتی ہے۔
۔ 4 لسی ہڈیوں کو مضبوط کرتی ہے
لسی کی تیاری میں دودھ اور دہی کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ کیلشیم سے بھر پور غذا بھی ہے جس کی انسانی جسم کو ہر عمر میں ضرورت ہوتی ہے۔ کیلشیم جسم کی ہڈیوں کو مضبوطی فراہم کرتی ہے اسکے علاوہ لسی کا استعمال دانتوں اور بالوں کی صحت کے لیۓ بھی بہت ضروری ہوتا ہے، سب سے بڑی وجہ ہے کہ لسی کا استعمال ہڈیوں کو طاقت فراہم کرتا ہے۔
۔ 5 لسی بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے
لسی کے اندر پوٹاشیم اور رائبو فلائیون موجود ہوتا ہے جو جسم میں سے زہریلے مادوں کو باہر نکالتا ہے جسم کے اندر سے فاضل مادوں کے اخراج سے ہائی بلڈ پریشر کی شرح میں کمی واقع ہوتی ہے اور جسم کو طاقت ملتی ہے۔
۔ 6 لسی عمر کے بڑھتے اثرات کو کم کرتی ہے
لسی لیکٹک ایسڈ سے بھر پور ہوتی ہے جس کا استعمال کاسمیٹکس انڈسٹری میں کیا جاتا ہے۔ اس کے استعمال سے ایک جانب تو جلد کو قدرتی طور پر نمی اور تازگی ملتی ہے دوسری جانب زہریلے مادوں کے اخراج کے سبب جسم کا میٹا بولزم تیز ہوتا ہے اور بڑھتی عمر کے اثرات جسم پر کم سے کم ہوتے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ جھریوں کا خاتمہ کرتی ہے اور جلد کو وہ نمی فراہم کرتی ہے جو کہ جھریوں کے بننے کے عمل کو سست کرتی ہے۔
۔ 7 لسی جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتی ہے
عام طور پر لو لگنے کا بنیادی سبب جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی ہوتی ہے۔ لسی پینے سے اس کمی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ جسم کو ٹھنڈک اور تازگی فراہم کر کے گرمی کے اثرات کو ختم کرتی ہے۔
لسی میں الیکٹرولائٹ موجود ہوتے ہیں جو کہ جسم میں سے پانی کے اخراج کو روکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جسم کے بڑھتے درجہ حرارت کو روکتا ہے جس سے گرمی کے اثرات میں کمی واقع ہوتی ہے۔ لو لگنے کے خطرے سے بچانے والا یہ ایک بہترین مشروب ہے۔
۔ 2 گرمی کے موسم میں لسی کے استعمال کا طریقہ
لسی کا استعمال ویسے تو خالی پیٹ بھی کیا جا سکتا ہے مگر اس کا استعمال خالی پیٹ کرنے کے بجاۓ کھانے کے ساتھ کیا جاۓ تو یہ زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم اس کے اندر بہت زیادہ نمک یا چینی کا استعمال ہائی بلڈ پریشر یا ذیابطیس کے مریضوں کے لیۓ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے نمک اور چینی کی مناسب مقدار ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ لسی کے اوپر بہت ساری بالائی یا مکھن ڈال کر پینا بھی اس کے فوائد کو کم کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔
مرہم کی ایپ ڈاون لوڈ کرنے کے لیۓ یہاں کلک کریں
Android | IOS |
---|---|