کافی کے کپ کے بغیر بہت سے لوگ صبح کے وقت کام نہیں کر پاتے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ نے کیفین کو اس کی طاقت کا ذریعہ قرار دیا ہو، لیکن آپ واقعی کافی کے بارے میں کتنا جانتے ہیں؟کیا آپ جانتے ہیں کہ کون سا ملک سب سے زیادہ کافی پیتا ہے؟ یا روزانہ ایک کپ پینے کے غیر متوقع صحت کے فوائد کیا ہیں؟ مرہم ڈاٹ کام کے قارئین کو آج ہم دنیا کے سب سے قدیم اور مقبول مشروبات میں سے ایک کے بارے میں حیران کن حقائق بتائیں گے کہ آپ کو کتنی کافی استعمال کرنا چاہیے اور گھر میں آپ بھی اپنی کافی کی پھلیاں بھون سکتے ہیں۔
جب آپ کافی کے بارے میں سوچتے ہیں، تو شاید آپ کے ذہن میں ، پسی ہوئی براؤن پاؤڈر (یا بھوری پھلیاں اگر آپ پسند کرتے ہیں اور خود پیستے ہیں) کی تصویر آتی ہوگی، لیکن درحقیقت یہ شروع میں ایک پھل ہوتا ہے۔ اس کا پودا چھوٹی سرخ بیری کی شکل میں اگتا ہے جسے کافی چیری کہتے ہیں۔ اندر کے بیج جنہیں ہم پھلیاں کہتے ہیں کو بھون اور پیس کر کافی پاؤڈر بنائی جاتی ہے۔
دنیا کا سب سے بڑا پروڈیوسر
کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کہاں سے آئی ہے؟ غالباً برازیل سے۔ جنوبی امریکہ کا ملک برازیل، دنیا کا سب سے بڑا پروڈیوسر ہے، جس نے 2017 اور 2018 کے درمیان 51 ملین 60 کلوگرام کےتھیلے تیار کیے ہیں۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو، 1 کلوگرام کافی کی پھلیوں سے لگ بھگ 120 ڈبل ایسپریسوس بن سکتی ہیں۔
بلندی پر بہتر اگتی ہے
جتنی اونچائی پر اسے اگایا جائے، اتنا ہی بہتر ہے۔ ٹھنڈی، گیلی آب و ہوا میں چیری آہستہ آہستہ پکتی ہے اور کئی ذائقے پیدا کرتی ہے۔
پیداوار میں وقت لگتا ہے
پودے سے آپ کے کپ تک ایک طویل عمل ہے۔ کافی بنانے والے اس کی جھاڑیوں میں چیری اگنے کے لیے ڈھائی سال تک انتظار کر سکتے ہیں۔ پہلے چھ ماہ سایہ دار نرسریوں میں گزارتے ہوئے انہیں محتاط دیکھ بھال کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ آخری لیکن سب سے زیادہ محنتی مرحلہ کٹائی ہے، چیریوں کو اکثر چن لیا جاتا ہے کیونکہ درخت کھڑی ڈھلوانوں پر اگتے ہیں۔
عربیکا اور روبسٹا
کافی کے پودے کی ہزاروں اقسام ہیں، لیکن جن دو کے بارے میں آپ سب سے زیادہ سنتے ہیں وہ عربیکا اور روبسٹا ہیں، کیونکہ یہ تجارتی طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ عربیکا زیادہ تیزابیت کے علاوہ پیچیدہ خوشبو اور ذائقوں کے ساتھ میٹھی ہوتاہے۔ روبسٹا چھوٹا ہوتا ہے، اس میں کیفین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے ۔ گراؤنڈ کافی بینز کے پیکجز میں عام طور پر دونوں اقسام کا مرکب ہوتا ہے۔
پھلیاں بھوری کیوں ؟
کچی کافی بھنی ہوئی سے بالکل مختلف نظر آتی ہے، جب پھلیاں چنیں تو وہ سبز ہو تی ہیں۔ بھوننے کے دوران نشاستہ شکر میں بدل جاتا ہے جو کیریملائز ہو جاتا ہے جس سے پھلیاں بھوری ہو جاتی ہیں۔ یہ اس سے ملتا جلتا ہے جب آپ روٹی کو ٹوسٹ کرتے ہیں (اس کیمیائی رد عمل کو میلارڈ ری ایکشن کہا جاتا ہے)۔ اس کے علاوہ، کیفول نامی ایک خوشبودار تیل تیار ہوتا ہے.
آپ گھر میں اس کی پھلیاں روسٹ کر سکتے ہیں
پھلیاں بھوننے کے بعد ایک ہفتہ تک بہترین ہوتی ہیں، لیکن جو تھیلے آپ اسٹور میں خریدتے ہیں وہ مہینوں پرانی ہو سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کافی کے شوقین خود بھوننے کے لیے کچی پھلیاں خریدتے ہیں۔ آپ کو صرف ایک کاسٹ آئرن سکیلیٹ یا پاپ کارن پاپر کی ضرورت ہوگی۔
کافی کا پودا چائے بھی بناتا ہے
کاسکارا یا کافی چیری چائے ایک انفیوژن ہے جسے کافی چیری کی خشک جلد سے بنایا جاتا ہے۔ اس میں کیفین کا مواد کم ہوتا ہے اور ذائقہ کا ہربل یا پتی والی چائے کے بجائے پھلوں کے انفیوژن سے موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
طویل تاریخ
اس کی دریافت کے وقت کا صحیح تعین غیر یقینی ہےکیونکہ یہ بہت سال پہلے کی بات ہے ۔ لیکن ایک پسندیدہ کہانی 850 عیسوی تک کی ہے۔ ایک ایتھوپیا کے بکریوں کے چرواہے نے دیکھا کہ اس کے جانور عربیکا جھاڑی کے پکے ہوئے بیر کو کھانے کے بعد زیادہ چست ہو جاتے ہیں۔خالدی ، بکری چرانے والے نے پھر بیر کے نمونے لیے اور خود استعمال کرنے کے بعد اس میں کیفین کا اثر محسوس کیا۔
کافی ایتھوپیا میں دریافت ہوئی
چاہے خالدی بکری چرانے والے کی کہانی حقیقت ہو یا افسانہ، ایتھوپیا کو کافی کی جائے پیدائش سمجھا جاتا ہے۔ دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 286 میل (460 کلومیٹر) جنوب مغرب میں کافا کے علاقے میں، اس کے درخت انسانی کوشش کے بغیر خود اگتے ہیں۔ پہاڑی جنگل کے منظر نامے میں پودے کی تقریباً 5000 جنگلی اقسام پائی جاتی ہیں۔
مذہبی تقریبات میں استعمال
افریقہ سے باہر پہلی جگہ جہاں یہ پھیلی وہ یمن تھی، جہاں قرون وسطٰی میں مذہبی طریقوں کے دوران صوفیوں نے اسے پیا تھا۔اس کی پھلیاں بھوننے سے لے کر مشروب پینے تک تاکہ وہ دیر تک جاگ سکیں، یہ عبادت کا ایک لازمی حصہ تھا۔
عرب کی شراب
سولہویں صدی میں جزیرہ نما عرب پر ترکی کی فتح کے ساتھ، اس کا استعمال پوری سلطنت عثمانیہ میں پھیل گیا۔ ان خطوں کے مسلمان شراب نہیں پیتے تھے پس یہ ایک بہترین متبادل تھی۔ اسے کاہوی کہا جاتا تھا جس کا مطلب ہے “عرب کی شراب”۔
موت کی سزا
دوسرے ممالک کے برعکس، عثمانی سلطان مراد چہارم کافی ہاؤسز کو ناپسند کرتے تھے کیونکہ ان کے خیال میں وہاں لوگ ان کے خلاف سازش کر رہے تھے۔ 1633 میں، اس نے استنبول میں اس کے استعمال کو سزائے موت دے دی۔ وہ نامنظور کرنے والا پہلا یا آخری لیڈر بھی نہیں تھا۔ 16ویں اور 18ویں صدی کے درمیان، بہت سے یورپی اور مشرق وسطیٰ کے حکمرانوں نے مشروبات پر پابندی لگانے کی کوشش کی۔
بوسٹن ٹی پارٹی
بوسٹن ٹی پارٹی کے واقعات سے پہلے، امریکی استعمار کی اکثریت چائے پینے والوں کی تھی (کیونکہ یہ برطانیہ میں پسندیدہ مشروب تھا)۔ تاہم، 1773 میں جب چائے پر ٹیکس بڑھا دیا گیا اور سینکڑوں درآمد شدہ صندوق احتجاجاً سمندر میں پھینکے گئے، کیونکہ کافی پینا حب الوطنی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔
فوری/ انسٹنٹ کافی
اگرچہ انسٹنٹ کافی ایک جدید سہولت معلوم ہو تی ہے، لیکن یہ پہلی بار 1771 میں برطانیہ میں سامنے آئی۔ اس کے بعد سے پیداوار کےمختلف طریقے تیار ہوئے، پہلی مقبول تجارتی انسٹنٹ کافیوں میں سے ایک ‘واشنگٹن کی کافی’ تھی ، جو 1900 کی دہائی کے اوائل میں امریکہ میں شروع ہوئی ۔
دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا مشروب
روزانہ دو بلین سے زیادہ کپ پیے جاتے ہیں اور کیونکہ یہ روایتی چائے پینے والے ممالک جیسے چین میں زیادہ مقبول ہے ۔ درحقیقت، چین میں ہر 15 گھنٹے بعد ایک نیا سٹاربکس کافی ہاؤس کھلتا ہے۔
کیپوچینو صرف صبح کے لئے
اٹلی میں کیپوچینو پینے کے اصول ہیں۔ دودھیا کیپوچینوز صرف صبح پئے جاتے ہیں اور شاذ و نادر ہی صبح 10 بجے کے بعد آرڈر کیے جاتے ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی
جہاں کیفین والے مشروبات کے لیے دنیا کی پیاس بڑھ رہی ہے، اسی طرح موسمیاتی تبدیلی اس صنعت کے لیے خطرہ ہے۔ بڑھتا ہوا عالمی درجہ حرارت اور موسم کی بے قاعدگی گرمی اور بارش کے لئے حساس عربیکا پودوں کے لیے تباہی ہے۔ برازیل 2050 تک کافی اگانے کے لیے اپنی 25% موزوں زمین کھو دے گا جس سے بہت سے کسانوں کا کام ختم ہو جائے گا۔
تیز دوڑنے میں مددگار
مو فرح کے ریس سے پہلے کافی پینے کی ایک وجہ ہے۔ بہت سی تحقیقات ورزش کرنے پر کیفین کے مثبت اثرات کو ثابت کرتی ہیں ، بشمول یہ کہ یہ آپ کو تیزی سے دوڑنے میں مدد دے سکتی ہے۔ ایک تحقیق میں، جس میں باقاعدہ کافی پینے والوں اور ڈی کیف کافی پینے والوں کا موازنہ کیا گیا، عام کافی پینے والے کھلاڑی 4,921 فٹ (1,500 میٹر) فاصلہ طے کرتے ہوئے 4.2 سیکنڈ تیزی سے دوڑے۔
زیادہ استعمال دل کے لئے نقصان دہ
آپ کی قلیل مدتی توانائی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ، کافی پینے والوں کے لیے طویل مدتی فوائد ہیں۔ ایک نئی تحقیق میں کافی کا زیادہ استعمال دل کی ناکامی کے خطرے کو کم کرنے کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ تاہم، یہ سمجھنے کے لیے مزید مطالعات کی ضرورت ہے کہ کون سے عمل اس کا سبب بن سکتے ہیں۔
دن میں زیادہ سے زیادہ چار کپ
اگر آپ کافی بہت زیادہ پیتے ہیں تو اس کا بھی منفی اثر پڑتا ہے۔ آپ شاید گھبراہٹ، اضطراب، دل کی دھڑکن اور نیند کی پریشانی سے واقف ہوں گے جو بہت زیادہ کافی پینے سے ہوتی ہے۔اس لئے دن بھر میں زیادہ سے زیادہ چار کپ تجویز کئے جاتے ہیں ۔
میں مبین آفتاب اردو کانٹنٹ رائٹر ، میں تعلیم کے شعبے سے منسلک ہوں۔ ویسے تو عمر کے لحاظ سے میں 32 سال کا ہوں پر تجربے کے اعتبار سے اپنی عمر سے کئی گنا بڑا ہوں میں ایک بچی کا باپ ہوں اور چاہتا ہوں کہ ہماری نئی نسل اردو کو وہ مقام دے جو بحیثیت ایک قومی زبان اس کا حق ہے۔