میرے جاننے والے اور دوست احباب اب مجھے دیکھ کر حیران ہوتے ہیں اور اکثر مجھ سے خود میں لائی اس تبدیلی کا راز جاننا چاپتے ہیں۔ میں آپ کو بتابا چلوں کہ میں ایک انتہائی خوش خوراک اور من پسند کھانے کھانے کا شوقین ہوا کرتا تھا۔ اسی حساب سے میرا وزن صحت مند حد سے کافی زیادہ تھا۔ اگرچہ میں لگاتار ورزش بھی کرتا تھا لیکن خوراک کی بے قاعدگیوں کے باعث میرا وزن کم نہ ہو سکا۔
وزن کم کرنے کے اس سفر میں مجھے چکنائیوں سے بھرپور فاسٹ فوڈ کو چھوڑنا پڑا۔ یقینا یہ ایک آسان مرحلہ نہیں ہے لیکن جیسے میں نے یہ کیا ہے اسی طرح کوئی بھی شخص جو وزن کم کرنے کا خواہشمند ہو وہ یہ سب کر سکتا ہے۔ زندگی میں نظم و ضبط کے بنا کچھ بھی حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ میں نے اپنے ڈاکٹر کے کہنے پر اپنی غذا میں کمی کی اور وزن کم کرنے کی دیرینہ خواپش کو پورا کرنے میں کامیاب ہوا۔
میں نے وزن میں کمی کیسے کی اس تمام کوشش کو آپ سے شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ نیچے دیے گئے ان نکات کا اثر آپ مجھ پر دیکھ سکتے ہیں اور یقینا آپ بھی ان پر عمل پیرا ہو کر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
خوراک میں تبدیلی
کھانے پینے کا شوقین ہونے کے باعث خوراک میں تبدیلی میرے لیے ایک مشکل مرحلہ تھا۔ میں دن میں تین پراٹھے اور فاسٹ فوڈ کھانے کا عادی تھا۔ اچانک تبدیلی میرے لیے ناممکن تھی اس لیے میں نے آہستہ اور دیر پا تبدیلی کا ارادہ کیا۔ میں نے دن بھر کی خوراک میں کمی کی اور تین کی بجائے دو پراٹھے کر دیے۔ اسی طرح میں نے ہفتے میں جنک فوڈ کھانے کی مقدار میں بھی کمی کی۔ ان تبدیلیوں کے مثبت اثرات سے متاثر ہو کر میں نے کھانے کی مقدار میں مزید کمی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ ورزش جاری رکھنے سے آہستگی سے لیکن میرا وزن کم ہونا شروع ہو گیا۔
مناسب حدف کا تعین
کسی بھی منزل کا حصول ایک قابل عمل پلان اور مناسب حدف کے تعین کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ میں یہ جانتا ہوں کہ کامیابی ایک یا دو دن میں حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے لگاتار محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس سارے سفر میں میرے گھر والوں نے میرا بھرپور ساتھ دیا اور مجھے جذباتی سہارا دیا جس کی مجھے اشد ضرورت تھی۔ سب سے اہم یہ کہ میں نے یہ سب اپنی صحت اور زندگی کو بہتر کرنے کے لیے نہ کہ کسی تعریف وغیرہ کے لیے۔
ثابت قدمی ضروری ہے
ہم کسی بھی شخص کی کامیابی سے یا کوئی موٹیویشنل ویڈیو دیکھ کر ارادہ تو کر لیتے ہیں لیکن ثابت قدمی سے اس پر قائم رہنا ضروری ہے۔ صبر اور ثابت قدمی سے اپنے ارادوں پر قائم رہنا ہی مثبت نتائج لا سکتا ہے۔ یہ جاننا ضروری ہے کہ ورزش یا صحت مند خوراک کسی ایک دن یا کچھ وقت کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ ایک زندگی گزارنے کا لائحہ عمل ہے جس ہر آپ کو ثابت قدم رہنا ہوگا۔
جسم سے ذہریلے مادوں کا اخراج
صحت صرف جسم اور چہرے کی خوبصورتی کا نام نہیں ہے بلکہ جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج اور قوت مدافعت کا مضبوط ہونا بھی اہم ہے۔ جسم سے ذہریلے اور فاسد مادوں کا اخراج کرنے کے لیے آپ یہ طریقے استعمال کر سکتے ہیں۔
نیم گرم پانی اور شہد
لیموں اور نیم گرم پانی
سبز چائے
نیم گرم پانی اور نمک
ان میں سے کسی بھی طریقے کا استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے معالج سے ضرور مشورہ کر لیں۔
مثبت رویہ اپنائیے
زندگی کے دیگر معاملوں کی طرح وزن میں کمی کے سلسلے میں بھی آپ کو مثبت رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ مثبت رویہ اپنا کر آپ نہ صرف اپنے مزاج اور سماجی تعلقات میں بہتری لا سکتے ہیں بلکہ اس سے آپ کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔