Table of Content
ہم میں سے اکثر لوگوں کو ٹانگوں اور پاؤں میں بےچینی کا احساس رہتا ہے، جس پر ابتداء میں کوئی توجہ نہیں دیتا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ تکلیف بڑھ جاتی ہے اور ایک غیر ارام دہ احساس کا باعث بنتی ہےاور روزمرہ کی زندگی کے امور کی انجام دہی میں تکلیف اور رکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔
درحقیقت ٹانگوں اور پاؤں میں ہونے والی یہ بےچینی اعصابی نظام کی خرابی کی ایک خاص قسم کی وجہ سے ہوتی ہے جسے ریسٹلیس لیگ سنڈروم کہا جاتا ہے۔ اس کی علامات ہلکے سے شدید بھی ہو سکتی ہیں
ریسٹلیس لیگ سنڈروم (آر۔ایل۔ایس) کیا ہے؟
یہ ایک اعصابی نظام کی خرابی ہے جو ٹانگوں اور پاؤں میں غیر آرام دہ درد کے احساس کا باعث بنتی ہےاور یہ احساسات ٹانگوں کو بہت زیادہ حرکت دینے کی خواہش کا باعث بنتے ہیں۔اس حالت میں جو احساسات کسی بھی شخص کو محسوس ہو سکتے ہیں وہ یہ ہیں، خارش ہونا،سن پڑنا،جلن کا احساس،یا ٹانگوں میں دھڑکن کا احساس،درد کا احساس وغیرہ
اس کی علامات ہلکے سے شدید تک ہو سکتی ہیں اور دن کے کسی بھی وقت ہو سکتی ہیں لیکن زیادہ تر یہ علامات دوپہر کے بعد یا شام میں نمایاں ہوتی ہیں یا پھراس وقت زیادہ نمایاں ہوتی ہیں جب آپ آرام کرتے ہیں یا بستر پر دراز ہوتے ہیں ۔کچھ لوگوں کو ان علامات کا سامنا کبھی کبھار کرنا پڑتا ہے جبکہ کچھ لوگ روزانہ ایسی حالت کا سامنا کرتے ہیں
ٹانگوں اور پاؤں میں بےچینی کے اسباب
اس قسم کی تکلیف کے لئے کچھ حتمی طور پر تو نہیں کہا جا سکتا کہ اس کے اسباب کیا ہیں لیکن ڈاکٹروں کے مطابق کی جانے والی تشخیص کے پیش نظر کچھ وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں شامل ہیں،جنیات،فولاد کی کمی،دماغ کے ایک حصے میں خلل،دماغی کیمیائی ڈوپامائن کی رکاوٹ جوپٹھوں میں نقل و حرکت پیدا کرنے کے لئے ضروری ہے، اعصابی نقصان،گردے کی بیماری وغیرہ
اس کے علاوہ کچھ محرکات جو ٹانگوں اور پاؤں میں ہونے والی بے چینی کی بیماری کو متحرک کر سکتے ہیں ان میں شامل ہیں ،حمل،کیفین، الکحل یا نیکوٹین کا استعمال،بعض ادویات
ٹانگوں اور پاؤں کی بےچینی کا گھر پر علاج
اگر آپ کو بھی ایسی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے یا آپ بھی ریسٹلیس لیگ سنڈروم کا شکار ہو رہے ہیں تو اس کے لئے آپ گھر پر فوری علاج کی شروع کر سکتے ہیں۔ طرز اندگی میں تھوڑی سی تبدیلیاں لا کر آپ اس تکلیف سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کو ٹانگوں اور پاؤں میں بےچینی کی مسلسل شکایت رہنے لگی ہے تو اپ متحرک رہ کر اسے دور کر سکتے ہیں، چہل قدمی کی عادت اپنائیں یا گھر کے کاموں میں مشغول ہو کر اپنی ٹانگوں کو حرکت دیں،ورزش کریں،ٹانگوں اور پاؤں کی نرمی سے مالش کریں کمپریشن موزے پہنیں یا ٹانگوں کے گرد ہلکے سے دباؤ کے ساتھ گرم پٹی باندھیں،ٹانگوں کی سیکائی کریں،پٹھوں کے آرام کے لئے گرم پانی سے غسل کریں
لیکن اگر ان سب اقدامات کے بعد بھی آپ کو ٹانگوں اور پاؤں میں بے چینی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس کے لے آپ اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں جو آپ کو طرز زندگی میں تبدیلی کی ہدایات کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ دوائیں اور سپلیمینٹس بھی تجویز کر سکتا ہے جو اس تکلیف سے نجات دلانے میں آپ کی مدد کریں گے۔
طویل مدتی نجات کے طرز زندگی میں تبدیلیاں
ٹانگوں اور پاؤں میں ہونے والی بےچینی کو قطعی طور پر ہلکا نہ لیں یہ مستقبل میں آپ کے لئے شدید تکلیف کا باعث بن سکتی ہے آپ صحت مند طریقہ زندگی اپنا کر اس سے ہمیشہ کے لئے نجات پا سکتے ہیں
محرکات سے بچنا: ایسے محرکات سے بچنے کی کوشش کریں جو ریسٹلیس لیگ سنڈروم کا باعث بنتے ہیں جیسے کہ کیفین، شراب یا نشہ آور چیزیں۔
اچھی نیند:ایک اچھی اور باقاعدہ نیند صحت کے لئے ضروری ہے۔ اس تکلیف سے نجات کے لئے بھی وقت پر سونے کی عادت کو اپنائیں اور دن میں یا بے وقت سونے سے گریز کریں۔
دن بھر متحرک: اس تکلیف کی ایک بڑی وجہ ہر وقت بیٹھے رہنا یا کم متحرک ہونا بھی ہے۔ اس لئے اپنے پٹھوں کو متحرک رکھنے کے لئے آپ خود متحرک رہیں، ہلکی پھلکی ورزش بھی کریں۔
اسٹریچنگ:اسٹریچنگ آپ کے درد کے احساس کو کم یا دور کرنے میں مدد کریگی۔دیوار کے سامنے کھڑے ہوں،ایک پاؤں دوسرے کے سامنے اور دونوں ایڑھیاں فرش پر چپٹی رہیں،دیوار کی جانب جھکیں اور دوسری ٹانگ کو سیدھا رکھیں، آپ کے دونوں پنجے زمین پر چپٹے ہوں۔ایسا کرنے پر آپ کو اپنی پچھلی ٹانگ پر زبردست کھینچاؤ محسوس ہو گا۔، اس پوزیشن میں 20 سیکنڈ تک رہیں۔یہ طریقہ کار دونوں ٹانگوں کے لئے 3 مرتبہ آزمائیں۔
ادویات اور سپلیمینٹس
ویسے تو اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے البتہ مریض کی حالت میں بہتری لانے کے لئے ڈاکٹر دوائیں اور سپلیمینٹس تجویز کر سکتا ہے۔ جیسے کہ دردوں کی دوائیں جو درد کم کرنے اور سکون دلانے میں مددگار ہو سکتی ہیں اس کے علاوہ آئرن سپلیمینٹس ، ان لوگوں کے لئے جو آئرن کی کمی کا شکار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ٹانگوں اور پاؤں میں بےچینی محسوس کرتے ہیں۔