آنکھوں کی روشنی کو بہتر بنانے کے آپ کیا کھاتے اور ان کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے کیا کرتے ہیں؟ آنکھیں ہمارے چہرے پر وہ نازک حصہ ہے جس کی مدد سے ہم دنیا کے تمام خوبصورت نظارے دیکھتے ہیں۔ اس لئے ان کی صحت بھی ہمارے لئے معنی رکھتی ہے۔ اپنی آنکھوں کی حفاظت اور صحت کا خیال ہمیں لازمی رکھنا چاہیئے، کیونکہ یہ خدا کی طرف سے ایک عظیم نعمت ہے جو کہ ہمیں تحفے کے طور پہ ملی ہیں۔
آنکھوں کی صحت کے لئے بہت سے وٹامنز بھی ضروری ہوتے ہیں۔ جو آنکھوں کی بینائی کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ روزمرہ کے کچھ طریقے اپنا کر بھی ہم اپنی آنکھوں کی صحت کا خیال رکھ سکتے ہیں۔ جو ہمارے لئے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہیے اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں تو اس بلاگ کو لازمی پڑھیں۔
۔ 1 آنکھوں کی صحت کر برقرار رکھنے کے طریقے
عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کی کچھ بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ جیسے ذیابیطس اور بلڈ پریشر یہ ایسی بیماریاں ہیں جس میں ہماری آنکھیں متاثر ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ کا وزن زیادہ ہے یا خاندانی تاریخ میں آپ کی آنکھیں کمزور ہوتی ہیں تو اس وجہ سے بھی بیماری کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
آنکھوں کی صحت کو بہتر رکھنے کے لئے یہ چند کام آپ ضرور کریں۔
۔ 1 صحت مند کھانا
ہماری مجموعی صحت کے لئے متوازن غذا بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ جو شخص متوازن اور وٹامنز سے بھرپور غذا کا استعمال کرتا ہے وہ بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔ صحت مند آنکھوں کے لئے آپ کے لئے ضروری ہے کہ آپ صحت مند خوراک کھائیں۔ جیسے آنکھوں کے لئے وٹامن اے بہت ضروری وٹامن ہے۔ جو گاجر میں پایا جاتا ہے اس لئے ہمیں گاجر کے موسم میں اس کا استعمال زیادہ کرنا چاہیئے۔
اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سے بھرپور کھانا کھائیں۔ یہ مچھلی میں پایا جاتا ہے۔ اگر آپ صحت مند آنکھیں چاہتے ہیں تو آپ سبز پتوں والی سبزیوں کا بھی زیادہ استعمال کریں۔ جن میں پالک بھی شامل ہے۔
۔ 2 جسمانی سرگرمی ضروری ہے
وزن پر کنٹرول کرنے اور مجموعی صحت کے لئے ورزش بہت ضروری ہے۔ اگر آپ ذیابیطس یا بلڈ پریشرکے مریض ہیں تو آپ کو ان پر کنٹرول کرنے لئے ورزش یا جسمانی سرگرمی کرنی چاہیئے، کیونکہ اگر یہ بیماریاں کنٹرول میں ہونگی تو آپ کی آنکھیں صحت مند ہونگی۔ کولیسٹرول کی سطح کو بھی مناسب رکھا جاسکتا ہے۔
جب ہم ورزش کرتے ہیں تو بیماریوں کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ ہم اس کی وجہ سے بہت سی بیماریوں سے بچ کر اپنی آنکھیں صحت مند بنا سکتے ہیں۔
۔ 3 سگریٹ نوشی چھوڑ دیں
اگر آپ سگریٹ پینے کے عادی ہیں تو اسے چھوڑ دیں کیونکہ یہ نہ صرف آپ کے پھپھڑوں کو خراب کرتی ہے, بلکہ اس کی وجہ سے ہماری آنکھیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ یہ آپ کی آنکھ کے اعصاب کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ زیادہ سگریٹ نوشی آنکھ میں موتیا کی بیماری کا باعث بنتی ہے۔ اس لئے اپنی آنکھیں بچانے کے لئے سگریٹ نوشی ترک کردیں۔
۔ 4 سن گلاسز کا استعمال
دھوپ آپ کی آنکھیں خراب کرسکتی ہیں کیونکہ اس کی وجہ آپ کی آنکھوں میں سرخی کا انفیکشن ہوسکتا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں تو سن گلاسز کا استعمال بہت ضروری ہوتا ہے، کیونکہ نہ صرف یہ ہماری آنکھوں کو آرام دیتا ہے بلکہ سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بھی بچاتا ہے۔اس لئے دن کے وقت باہر نکلتے وقت لازمی عینک یعنی سن گلاسز کا استعمال کریں۔
۔ 5 آنکھوں کو آرام دیں
اگر آپ زیادہ دیر تک کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں تو آپ اپنی آنکھوں کو ہر 20 منٹ بعد آرام دیں۔ کچھ دیر کی بریک لیں۔ بہت سے افراد جو جاب کرتے ہیں وہ سارا دن لیپ ٹاپ کا استعمال کرتے ہیں ان کو چاہیئے کہ اپنی آنکھیں صحت مند رکھنے کے لئے ان کو کچھ دیر آرام دیں، تاکہ آپ آنکھوں کو تھکنے سے بچاسکیں۔
۔ 6 لینز کا استعمال
اگر آپ لینز کا استعمال کرتے ہیں تو ان کو جراثیم کش سلوشن سے ہمیشہ صاف رکھیں۔ باربار اپنی آنکھیں نہ ملیں، اور اپنی آنکھیں صحت مند رکھنے کے لئے کسی کے کانٹیک لینز کا استعمال بالکل نہ کریں، کیونکہ اس سے آنکھ کے انفیکشن کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ جو آنکھوں کے لئے نقصان دہ ہے۔
۔ 7 اچھی نیند
اپنی آنکھیں صحت مند رکھنے کے لئے بھرپور نیند بھی بہت ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق 7 سے 8 گھنٹے نیند ہمارے صحت کے لئے بہت اچھی ہوتی ہے۔ بھرپور نیند لینے کی وجہ سے ہماری آنکھیں چمکدار رہتی ہیں اور ہماری آنکھیں آرام بھی محسوس کرتی ہیں۔ سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال بھی آپ کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
مرہم کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں پہ کلک کریں
Android | IOS |
---|---|