وقت سے پہلے پیدائش بچے اور والدین کے لیے ایک مشکل مرحلہ ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف بچے کی صحت و زندگی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں بلکہ اس سے نمٹنے کے لیے خاص احتیاط اور باقاعدہ معلومات حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ جس طرح والدین بچے کے دنیا میں آنے کے اور اس کے بعد کے تمام پہلوؤں کے بارے میں سوچتے ہیں اسی طرح وقت سے پہلے پیدائش سے بچنا اور اس کے بارے میں مکمل معلومات رکھنا بھی والدین کی اہم ذمہ داری میں شامل ہے۔
۔ 1 قبل از وقت پیدائش کا مطلب کیا ہے؟
قبل از وقت پیدائش کا مطلب ہے کہ بچہ بہت جلد پیدا ہوتا ہے۔ پیدائش حمل کے 37ویں ہفتے سے پہلے ہوتی ہے۔ اور عام حمل تقریباً 40 ہفتوں تک رہتا ہے۔
قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو اکثر صحت کے سنگین مسائل ہوتے ہیں، خاص طور پر جب وہ بہت جلد پیدا ہوتے ہیں۔ یہ مسائل اکثر مختلف ہوتے ہیں۔ لیکن جتنی جلدی بچہ پیدا ہوتا ہے، صحت کے خطرات اتنے ہی زیادہ ہوتے ہیں۔
۔ 2 قبل از وقت پیدائش صحت کا ایک بڑا مسئلہ۔۔۔۔
قبل از وقت پیدائش صحت کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس میں ہونے والے مسلسل اضافے سے محققین پریشان ہیں۔ اس بارے میں تحقیق جاری ہے کہ وہ کون سے عوامل ہیں جو قبل از وقت پیدائش کا باعث بن سکتے ہیں اور کس طرح اس خطرے کا وقت سے پہلے پتہ لگانا ممکن ہے تا کہ قبل از وقت پیدائش کو روکا جا سکے اور اس سے متعلق دیگر مسائل سے بچا جا سکے۔
۔ 3 قبل از وقت پیدائش کی اہم وجوہات
اس بلاگ میں ایسے ہی کچھ عوامل کا ذکر ہے جن کے موجودگی قبل از وقت پیدائش کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے۔ ان خطرات سے آگاہ رہنا اور ایسی صورتحال پیش آنے پر فوری معالج سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔ قبل از وقت پیدائش کے بہت سے خطرے والے عوامل ایسے ہیں جن سے بچا بھی جا سکتا ہے اور ان کو مکمل طور پر ختم کرنا بھی ممکن ہے۔
۔ 1 ماضی میں قبل از وقت پیدائش سے دوچار ہونا
اگر آپ کے پہلے بچے کی پیدائش قبل از وقت ہوئی تھی تو دوسرے بچوں میں قبل از وقت پیدائش کا امکان آپ کے لیے زیادہ ہے۔ یہ خطرہ اس صورت میں اور بڑھ جاتا ہے جب بچوں کے درمیان وقفہ کم ہو تو آپ پیدائش کے دیگر خطرات سے بھی دوچار ہوسکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں خطرے والے عوامل سے بچنے کے لیے گائناکالوجسٹ سے رابطہ جاری رکھنا بہت ضروری ہے۔
۔ 2 جڑواں بچوں کی پیدائش
ایک سے زیادہ بچوں کی پیدائش قبل از وقت پیدائش کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔ جڑواں بچوں کی صورت میں ڈاکٹر سے حمل کے دوران صحت کی حفاظت کی خاص تدابیر ضرور معلوم کریں تا کہ آپ اور آپ کا بچہ کسی بھی خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
۔ 3 ہائی بلڈ پریشر
اگر آپ کو ہائی بلڈ پریشر رہتا ہے تو آپ کے لیے قبل از وقت پیدائش کے خطرات سے دوچار ہونے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔ ایسی صورتحال میں آپ کو خاص توجہ اور علاج کی ضرورت ہوتی ہے تا کہ معالج کی مدد سے آپ کے لیے مختلف پیچیدگیوں کو کم کیا جا سکے۔
۔ 4 ذیابیطس
اگر آپ ذیابیطس کی قسم 1 یا 2 کا شکار ہیں تو آپ قبل از وقت پیدائش کے خطرات سے زیادہ دوچار ہو سکتی ہیں۔ کیونکہ حمل کے دوران خون میں شکر کی سطح برقرار رکھنا کافی مشکل ثابت ہوتا ہے اس لیے خون میں شوگر کی بے قاعدگیاں بڑھ جاتی ہیں اور قبل از وقت پیدائش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
۔ 5 سگریٹ نوشی
سگریٹ نوشی صحت کے لیے مضر ہے اور اس کے نقصانات حمل کے دوران ماں اور بچے دونوں کی صحت کو لاحق خطرات میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ سگریٹ نوشی قبل از وقت پیدائش کا سب سے بڑا سبب ہے۔
۔ 6 ناکافی طبی توجہ
دوران حمل ڈاکٹر سے رجوع نہ کرنا پیچیدگیوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ اس لیے حمل کی شروعات سے ہی قابل بھروسہ ڈاکٹر سے معائنہ کروانا بہت ضروری ہے۔ اس بارے میں بے احتیاطی قبل از وقت پیدائش کا باعث بن سکتی ہے۔
۔ 7 غذائی قلت
ماں بننے والی خواتین کے لیے اپنی غذائی ضروریات کا خیال رکھنا اور بھی اہم ہو جاتا ہے۔ جن خواتین کا وزن بہت کم ہوتا ہے ان میں قبل ازوقت پیدائش کا خطرہ صحت مند خواتین کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔
حمل کے دوران خواتین کی صحت کا خیال رکھنا ایک اہم ذمہ داری ہے جس میں ماں کے علاوہ گھر کے دوسرے لوگوں کو بھی حصہ لینا چاہیئے کیونکہ صحت مند ماں ہی صحت مند نسل کی بنیاد ہے۔