روزے اگر گرمی کے موسم کے ہوں تو اس میں سب سے زیادہ انسان کو پانی کی کمی کی شدت محسوس ہوتی ہے، اور یہی روزہ لگنےکا بھی سبب ہوتی ہیں۔ اکثر لوگ پیاس کی اس شدت سے گھبرا کر روزہ رکھنے سے خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔
گرمی کے موسم میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیۓ پسینہ آنا ایک قدرتی امر ہے اس میں جسم میں موجود پانی خارج ہوتا ہے، اور پانی کی اس کمی کو پورا کرنے کے لیۓ پیاس محسوس ہوتی ہے جو کہ عام دنوں میں تو پانی پی کر بجھائی جا سکتی ہے مگر رمضان میں روزے کی حالت میں مشکل ہو جاتی ہے۔
۔ 1 روزے میں پیاس سے بچانے والے کھانے
ماہرین غذائیت اس بات کا مشورہ دیتے ہیں کہ سحر و افطار کے وقت ان غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیئے، جن سے روزے کی حالت میں پیاس کم محسوس ہوتی ہے۔
۔ 1 جو کا دلیہ
سحری کے وقت جو کا دلیہ دودھ میں پکا کر کھانے سے دن بھر پیاس نہیں لگتی ہے اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ جو کا دلیہ پکنے کے دوران اپنے اندر پانی کی بڑی مقدار جذب کرلیتا ہے، اس وجہ سے اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اس وجہ سے جو افراد اس کو سحری کے وقت کھاتے ہیں ان کے اندر پانی کی کمی نہیں ہوتی ہے اور یہ دلیہ زیادہ دیر تک پیاس کو محسوس نہیں ہونے دیتا۔
اس دلیۓ کی افادیت کو مزید بڑھانے کے لیۓ اسے رات بھر پانی میں بھگو کر رکھ دیں، اس طرح اس کے اندر مزید پانی جذب ہو جاۓ گا۔ اس کے علاوہ اس کو پکانے میں بھی آسانی ہو گی۔ یہ نہ صرف جسم کو اندر سے ٹھنڈا رکھے گا بلکہ جسم کے اندر پانی کی کمی کو بھی دور کرے گا۔
۔ 2 دودھ اور دہی
ماہرین غذائيت کی تحقیق کے مطابق شدید پیاس کو بجھانے میں سادہ پانی کے مقابلے میں دودھ یا دہی زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ان میں موجود کیلشیم ، کاربوہائیڈریٹ اور الیکٹرولائٹس جسم میں پانی کی کمی کو ہونے سے روکتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اکثر افراد افطار کے وقت دودھ والے شربت سے افطار کرتے ہیں۔ جس سے ایک جانب تو ان کی پیاس فوری طور پر بجھ جاتی ہے اور پانی کی کمی بھی دور ہوجاتی ہے۔
اسی طرح سحری میں پراٹھے اور مصالحے دار کھانے وغیرہ کھانے کے بجاۓ اگر لسی یا دہی کھا لی جاۓ تو اس سے بھی دن بھر پیاس کی شدت کم محسوس ہوگی۔
۔ 3 پھلوں کا ملک شیک
اکثر پھلوں کا استعمال جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیۓ بہت مفید ہوتا ہے، لیکن اگر ان پھلوں کا رس نکال لیا جاۓ یا پھر ان کو پانی کے ساتھ ملا کر ان کا جوس بنا لیا جاۓ تو اس کے اثرات بھی جسم پر بہت اچھے پڑتے ہیں، سحر و افطار دونوں اوقات میں ان کا استعمال بہت مفید ثابت ہوتا ہے جو کہ غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں۔
عام طور پر تربوز ، اسٹرابیری، کیلے اور اورنج وغیرہ ایسے پھل ہیں جن کا رس اور جوس روزے کی حالت میں بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔
۔ 4 تازہ سبزیاں
اگر رمضان میں ہم اپنی غذا پر غور کریں تو اکثر افراد زیادہ تر مرغن کھانے کھاتے ہیں اور تلی ہوئی اور مصالحہ دار اشیاء کا استعمال کرتے ہیں جو کہ پیاس کی شدت بڑھانے کا سبب بنتے ہیں۔
ان تمام اشیاء کی جگہ پر اگر ہم اپنی غذا میں تازہ سبزیوں کا استعمال کچی حالت میں کریں تو اس سے ایک جانب تو جسم میں پہلے سے موجود پانی دیر تک محفوظ رہے گا اس کے ساتھ ساتھ یہ زیادہ دیر تک پیاس لگنے سے بھی بچائیں گے۔
یہی سبب ہے کہ رمضان میں سحر و افطار میں سلاد کا استعمال نہ صرف صحت کے لیۓ مفید ہوتا ہے بلکہ پیاس سے بھی بچاتا ہے۔
۔2 پیاس بڑھانے والے کھانے
سحری میں مرغن کھانے سارا دن پیاس کا احساس دلاتے ہیں آئیں ان کھانوں کا ذکر کرتے ہیں کہ جن سے روزے کی حالت میں شدید پیاس لگتی ہے۔
۔ 1 زیادہ مصالحہ والے کھانے
جن غذاؤں میں زیادہ مصالحہ جات ہوتے ہیں ایسی غذاؤں کے کھانے سے عام حالات میں بھی پیاس زیادہ لگتی ہے مگر روزے کی حالت میں تو اس کی شدت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس وجہ سے سحر و افطار کے اوقات میں کوشش کریں کہ ایسے کھانے نہ کھائيں جس میں زیادہ مرچیں یا گرم مصالحے موجود ہوں۔ رمضان میں کی جانے والی کچھ غلطیاں جو صحت کے بڑے مسائل کا سبب بن سکتی ہیں۔
۔ 2 زيادہ میٹھے کھانے
ایسی غذائيں جن میں زیادہ کاربوہائيڈریٹ موجود ہوتے ہیں ۔ جیسے کہ سفید آٹے کی روٹی ، بیکری کا سامان ڈبل روٹی اور چاول ان تمام اشیا میں کاروبوہائيڈریٹ موجود ہوتا ہے اور ان کو کھانے کے بعد بار بار منہ سوکھتا ہے اور پیاس محسوس ہوتی ہے۔
ان کھانوں کے نعم البدل کے طور پر تازہ پھلوں کا استعمال بہت مفید ثابت ہوتا ہے کیوں کہ اس میں موجود کاربوہائيڈریٹ قدرتی ہوتی ہے اور فوری طور پر جسم کا حصہ بن جاتی ہے۔
۔ 3 زیادہ چکنائی والے کھانے
بہت زيادہ تلی ہوئی اشیا جن میں پکوڑے اور سموسے وغیرہ شامل ہیں جب معدے میں جاتی ہیں تو چکنائی کی زیادہ مقدار کے سبب ان کو ہضم ہونے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کو ہضم کرنے کے لیۓ زیادہ پانی کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہی معاملہ سحری کے وقت میں پراٹھا کھانے سے بھی ہوتا ہے اس وجہ سے اس صورتحال میں ماہر غذائیت سے مشورہ لازمی کریں کیونکہ ایسے کھانوں سے پرہیز ہی بہتر ہوتا ہے۔
مرہم کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں پہ کلک کریں
Android | IOS |
---|---|
![]() | ![]() |