رب کائنات نے ایمان والوں پر رمضان کے پورے مہینے کے روزے فرض کیے ہیں۔ روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس میں طلوع سحر سے لیکر غروب آفتاب تک ہم اپنے خالق کے لیے کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں، لیکن غروب آفتاب سے طلوع سحر تک رب کریم نے ہمیں کھانے اور پینے کی اجازت دی ہے اس لیے ان اوقات میں اگر ہم متوازن غذا کا استعمال کریں تو روزے کے دوران کمزوری اور جسم میں پانی کی کمی سے بچا جا سکتا ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم ان غذاؤں کو شامل کر رہے ہیں جن کو سحر اور افطار کے دوران کھانا ہماری صحت پر اچھے اثرات ڈالتے ہیں اور روزے کے دوران ہمارے جسم کو کمزوری سے بچانے کا باعث بھی بنتے ہیں۔
۔ 1 سحری کیسی ہونی چاہیئے
۔ 1 ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سحری کے دوران نارمل غذاؤں کا استعمال کریں اور اپنے کھانے میں صحت بخش چیزیں شامل کریں۔
۔ 2 خاص طور پر سحر میں ایسے کھانے استعمال کریں جن میں فائبر کی مقدار زیادہ ہو۔
۔ 3 ایسے اناج کا استعمال کریں جنہیں ریفائن نہ کیا گیا ہو۔
۔ 4 سرخ لوبیا اور سفید لوبیا بھی فائبر سے بھرپور کھانے ہیں اور ان میں پروٹین کی بھی ایک بڑی مقدار شامل ہوتی ہے، انکے علاوہ دالیں بھی پروٹین اور فائبر سے بھرپور کھانے ہوتے ہیں۔
۔ 1فائبر سے بھرپور غذائیں
فائبر سے بھرپور کھانے ہمارے پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرا رکھتے ہیں اور انہیں کھانے کے بعد جلدی بھوک نہیں لگتی اور فائبر نظام ہضم کے کام کو بھی درست رکھتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مردوں کو روزانہ 35 گرام اور عورتوں کو 28 گرام فائبر لازمی کھانا چاہیئے۔
۔ 2 سحری میں دال اور دہی کھائیں
طبی ماہرین کہتے ہیں کہ سحری میں دال اور دہی ضرور کھائیں۔ دہی ہاضمے کو درست رکھنے میں مدد کرتا ہے اور ہمیں کیلشیم کی مناسب مقدار بھی فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، تمام قسم کی دالوں کا استعمال ہمیں دن بھر کے لیے کافی پروٹین فراہم کرتا ہے اور یہ پروٹین ہمارے پٹھوں کو روزے کے دوران کمزور ہونے سے بچاتی ہے۔
۔ 3 سحری میں کچے پنیر اور دودھ کا استعمال
کچے پنیر یا دودھ کا استعمال بھی سحری میں لازمی کریں کیونکہ یہ دونوں چیزیں آپ کو دن بھر توانا رکھنے میں مدد دیں گی۔ ان غذائی اجزاء میں موجود پروٹین جلدی بھوک نہیں لگنے دے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سحری کھانے کے بعد ایک گلاس دودھ یا پنیر کے چار پانچ ٹکڑے کھائیں تاکہ روزے کے دوران جسم کمزور نہ ہو اور پانی کی کمی بھی پیدا نہ ہو۔
۔ 4 سحری کھانے سے پہلے پانی کا استعمال
سحری کھانے سے کم از کم آدھا گھنٹہ پہلے 1 گلاس پانی پینا بھی آپ کی صحت پر اچھے اثرات پیدا کرے گا اسی طرح سحری کھانے کے آدھا گھنٹہ بعد سحری ختم ہونے سے پہلے بھی پانی کا ایک گلاس پینا آپ کے جسم میں سارا دن پانی کی کمی پیدا ہونے سے روکے گا اور جسم کو ڈی ہائیڈریٹ ہونے سے بچائے گا۔
۔ 2 افطار میں کیا کھانا چاہیئے
میڈیکل سائنس کا ماننا ہے کہ روزہ انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہوتا ہے اور سال میں ایک مہینے کے روزے صحت کو چار چاند لگا دیتے ہیں، لیکن اگر اس دوران خوراک میں بے احتیاطی کی جائے تو روزے کمزوری کا باعث بن سکتے ہیں۔ اپنے افطار کے کھانے میں تلے ہوئے کھانے ہرگز شامل نہ کریں۔
۔ 1 افطار میں تلے ہوئے کھانے جسم میں چربی کا باعث ہوتے ہیں
ہمارے ہاں رواج ہے کہ افطار میں پکوڑے، آلو کی چپس، سموسے اور فرائی چیزیں لازمی شامل کی جاتی ہیں لیکن یہ کھانے صحت کو برباد کر کے رکھ دیتے ہیں اور جسم سے فاضل چربی کو پگھلنے نہیں دیتے اس لیے افطار میں صحت بخش غذا کو شامل کریں۔
۔ 2 افطار میں کھجور غذائی اجزاء کا پاور ہاؤس ہے
کھجور سے روزہ کھولنا سنت ہے اس لیے افطار میں کھجور کو لازمی شامل کریں کیونکہ کھجور جسم کو فوری توانائی دیتی ہے اور اس میں موجود فائبر پیٹ کی حالت خراب نہیں ہونے دے گا۔ اسی طرح افطار میں تازہ پھل اور سبزیوں کو جگہ دیں اور افطار میں چکن اور تیز مصالحے اور تلی ہوئی اشیاء کا استعمال نہ کریں۔
۔ 3 افطار میں معدے کی تیزابیت نہ بڑھائیں
تیز مصالحے سے بدہضمی پیدا ہوگی اور معدے میں تیزابیت بھی پیدا ہونی شروع ہوجائے گی۔ اگر آپ گوشت کھانے کے عادی ہیں تو افطار کے کھانے کے 2 سے 3 گھنٹے بعد آپ اپنی یہ عادت کو پورا کریں اور کوشش کریں کہ افطار کے دوران گوشت سے پرہیز رکھیں تاکہ معدے پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
۔ 4 افطار میں تازہ پھلوں کا رس استعمال کریں
افطار کے دوران تازہ پھلوں کا رس پینا بھی آپ کے جسم میں فوری توانائی پیدا کرنے کا باعث بنے گا لیکن اگر آپ افطار میں چینی والے مشروب استعمال کرتے ہیں تو یہ آپ کی صحت کو نقصان پہنچائیں گے اور طبیعت میں بھاری پن پیدا کر دیں گے۔ افطار میں کچی سبزیوں کا سلاد کھانا صحت کو چار چاند لگا دیتا ہے، کیونکہ یہ سلاد جہاں جلدی ہضم ہو جاتا ہے وہاں طبیعت کو بوجھل نہیں کرتا۔
۔ 3 سحر و افطار کے لیے اہم ہدایات
۔ 1 رمضان میں دہی کھانا انتہائی مفید ہے لیکن اسے رات کے کھانے کے ساتھ استعمال نہ کریں۔
۔ 2 اگر آپ سحری کھانے کے فوری بعد سونے کے عادی ہیں تو اس عادت کو بھی بدلیں اور سحری کھانے کے بعد کم از کم آدھا گھنٹہ لازمی پیدل چلیں اور سحری کھانے کے 1 گھنٹے بعد بستر پر جائیں۔
۔ 3 واک کرنے سے آپ کی سحری اچھی طرح ہضم ہوجائے گی اور روزہ خوشگوار گزرے گا۔
۔ 4 اگر آپ کی عمر 40 سال سے زیادہ ہے یا آپ حاملہ یا دورھ پلانے والی ماں ہیں تو رمضان میں ڈاکٹر کے مشورے کے ساتھ ملٹی وٹامن سپلیمنٹ استعمال کریں۔
۔ 5 ڈاکٹر کا مشورہ صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا اور آپ کے جسم کو وٹامنز اور منرلز کی کمی سے بھی بچائے گا۔
مرہم کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کریں
Android | IOS |
---|---|