ہائی کولیسٹرول اب تو ایک عام مسئلہ بنتا جا رہا ہے ہماری 50 فیصد سے زیادہ کی آبادی ہائی کرولیسٹرول سے متاثر نظر آتی ہے جبکہ 80 فیصد سے زائد بالغ افراد ہائی کولیسٹرول کی بارڈر لائن پر موجود ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ ہمارا طرز زندگی اور خوراک ہے۔ لیکن بہت سے لوگ اس بات سے قطعی طور پر ناواقف ہیں کہ یہ ہماری صحت کے لئے کس حد تک خطرناک ہے؟
اکثر ہائی کولیسٹرول بغیر کسی علامات کے آتا ہے اس لئے آپ کو یہ معلوم بھی نہیں ہوگا کہ آپ کو یہ مسئلہ ہے جب تک آپ ڈاکٹر کی جانچ نہیں کرواتے، اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جاتی ہے اور پھر اس کا علاج کیا جاتا ہے۔
کولیسٹرول کیا ہے؟
کولیسٹرول لپڈ کی ایک قسم ہے،یہ ایک مومی چربی جیسا مادہ ہے جسے آپ کا جگر قدرتی طور پر پیدا کرتا ہے۔یہ خلیے کی جھلیوں، بعض ہارمونز اور وٹامن ڈی کی تشکیل کے لئے ضروری ہوتا ہے۔ چونکہ یہ پانی میں تحلیل نہیں ہوتا اور خون کے ذریعے خود سفر نہیں کر سکتا اس لئے آپ کا جگر لیپو پروٹینز تیار کرتا ہے۔ جو آپ کے خون کے ذریعے اسے لیکر جاتے ہیں۔
ایل ڈی ایل کولیسٹرول میں کم کثافت والے لیپو پروٹین ہوتے ہیں اگر آپ کے خون میں زیادہ کثافت میں ایل ڈی ایل کولیسٹرول موجود ہو گا تو آپ کو ہائی کولیسٹرول کی تشخیص کی جائے گی۔
کولیسٹرول کی اقسام
:کولیسٹرول دو شکلوں میں آتا ہے
۔1 کم کثافت لیپو پروٹین، خراب اور غیر صحت بخش قسم کا کولیسٹرول ہو سکتا ہے یہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول آپ کی شریانوں میں چربی اور موم کی صورت میں جمع ہو کر تختی بناتا ہے۔
۔2 زیادہ کثافت لیپو پروٹین ایک کولیسٹرول کی صحت مند قسم ہے ۔ یہ فالتو کولیسٹرول کو آپ کی شریانوں سے جگر تک لے جاتا ہے جہاں سے یہ آپ کے جسم سے باہر نکل جاتا ہے۔
ہائی کولیسٹرول کی علامات
ہائی کولیسٹرول عام طور پر کسی علامات کا سبب نہیں بنتا ہے یہ زیادہ تر ہنگامی واقعات کا سبب بنتا ہے جیسے کہ ہارٹ اٹیک یا فالج وغیرہ۔ یہ واقعات بھی اس وقت تک رونما نہیں ہوتے ہیں جب تک کہ ہائی کولیسٹرول آپ کی شریانوں میں تختی کی تشکیل کا باعث نہ بن جائے۔ تختی شریانوں کو تنگ کر سکتی ہے جس کی وجہ سے خون کا بہاؤ کم ہو سکتا ہے۔
کولیسٹرول کی جانچ کا واحد طریقہ کار خون کی جانچ ہے۔ اگر آپ کی خاندانی تاریخ میں ہائی کولیسٹرول ہے تو آپ کا ڈاکٹر باقاعدگی سے آپ کو کولیسٹرول کی جانچ کا مشورہ دے سکتا ہے یا اس کے علاوہ آپ کے ساتھ صحت کے کچھ مسائل ہوں جیسے کہ ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا، سگریٹ نوشی وغیرہ شامل ہے۔
ہائی کولیسٹرول کے جسم پر اثرات
ہائی کولیسٹرول انتہائی خاموشی سے ہمارے جسم پر اثر انداز ہوتا ہے۔ بعض اوقات تو ہمیں اس بات کا اندازہ بھی نہیں ہو پاتا اور یہ بگاڑ پیدا کر چکا ہوتا ہے۔
قلبی اور گردشی نظام
جب آپ کے جسم میں ایل ڈی ایل کولیسٹرول زیادہ ہوتا ہے تو یہ آپ کی شریانوں میں تختی کا باعث بن سکتا ہے ۔ جس کی وجہ سے آپ کی شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے تو آپ کا خون ٹھیک سے شریانوں میں حرکت نہیں کر پاتا اس وجہ سے آپ کے دل کو زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جیسے جیسے آپ کی شریانوں میں تختی بڑھتی جاتی ہے آپ کو دل کی بیماری ہو سکتی ہے۔
کورونری شریانوں میں تختی کا جمع ہونا آپ کے دل کے پٹھوں میں آکسیجن سے بھرپور خون کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈال سکتا ہےاور آپ انجائنا کی تکلیف میں مبتلا ہو سکتے ہیں اس کے علاوہ شریانوں میں خون کا بہاؤ رک جانے کی وجہ سے آپ کو پیریفیرل آرٹیرل نامی بیماری بھی ہو سکتی ہے۔
اینڈوکرائن سسٹم
آپ کے جسم کے ہارمون پیدا کرنے والے غدود ایسٹروجن، ٹیسٹوسٹیرون اور کورٹیسول جیسے ہارمون بنانے کے لئے کولیسٹرول کا استعمال کرتے ہیں۔ہارمون آپ کے جسم میں موجود کولیسٹرول کی سطح پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جیسے جیسے عورت کی ماہواری کے دوران ایسٹروجن کی سظح بڑھتی ہے ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح میں کمی آجاتی ہے۔ یہی ایک وجہ ہو سکتی ہے کہ مینو پاز کے بعد جب ایسٹروجن کی سطح کم ہو جاتی ہے تو عورتوں کو دل کی بیماری میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اگر آپ بھی مینو پاز کے بعد صحت کے مسائل سے دوچار ہیں یا آپ کی خاندانی تاریخ میں بھی ہائی کولیسٹرول موجود ہے تو اس سلسلے میں ڈاکٹر سے معلومات حاصل کرنے کے لئے مرہم کی ویب سائٹ مرہم ڈاٹ کام پر وزٹ کریں یا اس نمبر پر کال کریں 03111222398
عصبی نظام
کولیسٹرول انسانی دماغ کا لازمی جزو ہے، در حقیقت دماغ کو پورے جسم کے کولیسٹرول کا 25 فیصد سپلائی کیا جاتا ہے۔یہ چکنائی عصبی خلیوں کی نشوونما اور تحفظ کے لئے ضروری ہے جو دماغ کو باقی جسم کے ساتھ رابطہ رکھنے کے قابل بناتی ہے۔
اگرچہ آپ کے دماغ کو بہتر طور پر کام کرنے کے لئے کچھ کولیسٹرول کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اس کی زیادہ مقدار نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ ہائی کولیسٹرول فالج کا باعث بن سکتا ہے۔خون کے بہاؤ میں رکاوٹ دماغ کے حصوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے جس سے یاداشت، حرکت، نگلنے اور بولنے میں دشواری جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
نظام انہضام
نظام انہضام میں کولیسٹرول پت کی پیداوار کے لئے ضروری ہوتا ہے۔ پت وہ سیال ہے جو جگر میں بنتا ہے اور پتے میں ذخیرہ ہوتا ہے اور ہاضمے میں مدد دیتا ہے۔ لیکن اگر آپ کے پت میں ہائی کولیسٹرول موجود ہے تو یہ اضافی کرسٹل اور آپ کے گال بلیڈر میں پتھری کا باعث بنتا ہے جو بہت تکلیف دہ ہوتی ہے۔
آپ کی باقاعدگی سے اپنے خون میں کولیسٹرول کی مقدار کی جانچ آپ کو اسے کنٹرول میں رکھنے اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دیگی۔