فوبیا شدید اور غیر معقول خوف کا نام ہے۔ فوبیا میں لوگ کسی خاص ماحول، وقت یا چیز سے غیر معمولی طور پر خوفردہ ہو جاتے ہیں۔ فوبیا کے شکار لوگ یہ جاننے کے باوجود کہ ان کا خوف بے بنیاد ہے اس کیفیت سے نکل نہیں پاتے ہیں۔ یہ خوف اس قدر شدید نوعیت کے ہوتے ہیں کہ ان سے انسان مفلوج ہو کررہ جاتا ہے۔
۔ 1فوبیا کی مختلف اقسام
فوبیا کی بہت سی اقسام سامنے آچکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق فوبیا تین طرح کے ہو سکتے ہیں۔
۔ 1 اگورا فوبیا
یہ رش والی جگہوں سے خوفزدہ ہونے کی کیفیت ہے۔ اگورا قدیم مصر کے ایک بازار کا نام تھا۔ اس فوبیا کے شکار افراد زیادہ چہل پہل والی جگہوں سے خوفزدہ رہتے ہیں۔ ان کا اصل خوف دراصل ایسی جگہوں پر پھنس جانے یا پریشانی کی صورت میں وہاں سے نکل نہ سکنے کا ہوتا ہے۔ ایسے افراد پل یا بینک کی قطار میں لگنے سے بھاگتے ہیں۔ مردوں کی نسبت خواتین اس کا زیادہ شکار ہوتی ہیں۔ اگر اس سے لاپرواہی برتی جائے اور علاج نہ کیا جائے تو ایسے افراد گھر سے نکلنا بالکل چھوڑ بھی سکتے ہیں۔
۔ 2 سوشل فوبیا
اس فوبیا کے شکار افراد لوگوں سے ملنے سے کترا تے ہیں اور زیادہ میل جول سے خوفزدہ ریتے ہیں۔ یہ کیفیت فطری شرمیلے پن سے کہیں زیادہ شدید ہوتی ہے۔ ایسے افراد لوگوں کے سامنے جانے سے شدید پریشانی اور خوف محسوس کرتے ہیں۔ وہ اس بارے میں فکرمند رہتے ہیں کہ آیا وہ موقعے کی مناسبت سے بات کر سکیں گے یا نہیں۔ کیونکہ علاج نہ کرنے کی صورت میں یہ فوبیا کسی شخص کی سماجی اور گھریلو زندگی کو متاثر کر سکتا ہے اس لیے اس کا مناسب اور بروقت علاج اہم ہے۔
۔ 3 سپیسیفک فوبیا
یہ فوبیا کسی خاص چیز یا موقعے کا غیر معقول خوف ہے۔ اس کی کچھ اقسام درج ذیل ہیں۔
۔ 1کلاسٹرو فوبیا
بند جگہوں کے خوف کو کلاسٹروفوبیا کہا جاتا ہے۔ اس خوف کے شکار افراد لفٹ اور سرنگوں کے استعمال سے شدید پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
۔ 2 زو فوبیا
جانوروں کے خوف کو زوفوبیا کہا جاتا ہے۔ یہ سپیسیفک فوبیا کی سب سے عام قسم ہے۔ اس کی اقسام میں سانپ، چھپکلی، پرندوں اور شہد کی مکھیوں کا خوف شامل ہے۔ عموماً لوگ بچپن میں ایسے کسی خوف کا شکار ہو جاتے ہیں اور اس کے اثرات ساری عمر بھگتے ہیں۔
۔ 3 ایسٹرا فوبیا
طوفان کی گرج چمک سے خوفزدہ ہونے کو ایسٹرا فوبیا کہا جاتا ہے۔یہ خوف انسانوں کے علاوہ جانوروں میں بھی پایا جاتا ہے۔
۔ 4 ایکرو فوبیا
بلند جگہوں اور اونچائی کے خوف کو ایکروفوبیا کہا جاتا ہے۔ اس خوف کے شکار افراد سیڑھیاں چڑھنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔
۔ 5 ایرو فوبیا
اس خوف کے شکار افراد جہاز میں سفر کرنے سے گھبراتے ہیں۔ اس کی وجہ کسی گزشتہ سفر کی بری یادیں یا کسی حادثے کا شکار ہونا ہو سکتا ہے۔
۔ 6 بلڈ, انجکشن, انجری فوبیا
فوبیا کی اس قسم میں ہیمو فوبیا (خون کا خوف) اور ٹرائے پینوفوبیا (انجکشن لگنے کا خوف) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہاس فوبیا کا شکار لوگ زخموں اور آپریشن سے بھی خوفزدہ ہوسکتے ہیں۔
۔ 7 پیرا نارمل فیئر
اس قسم میں جنات اور غیرمرئی مخلوقات کا خوف فیسموفوبیا شامل ہے۔ اس کے علاوہ چمگادڑوں کا خوف کائیروپٹو فوبیا بھی اسی قسم میں شامل ہے۔
۔ 8 امیٹو فوبیا
قے آجانے کا خوف امیٹوفوبیا کہلاتا ہے۔ عموماً اس خوف کی شروعات بچپن میں ایسی کسی صورتحال کا شکار ہونے سے ہوتی ہے۔جو کچھ کھانے سے قے آنے کا ڈر ہوتا ہے۔
۔ 9 کارسینو فوبیا
کینسر سے خوفزدہ ہونے کو کارسینو فوبیا کا نام دیا جاتا ہے۔ اس خوف کا شکار لوگ ہر بیماری کی علامت کو کینسر کی بیماری سمجھنے لگتے ہیں۔
۔ 10 نیو فوبیا
نئی چیزوں سے خوف اور ان کے ساتھ ایڈجسٹ نہ ہونے پہ پریشانی کا شکار ہونے کو نیوفوبیا کہا جاتا ہے۔
۔ 11گرونٹو فوبیا
گرونٹو فوبیا کا شکار لوگ بڑھاپے سے خوف زدہ ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ بوڑھے لوگوں سے بھی خوفزدہ ہوتے ہیں۔
۔ 12 اوڈونٹیا فوبیا
اس فوبیا سے متاثر ہونے والے لوگ ڈینٹسٹ کے پاس جانے سے گھبراتے ہیں اور اکثر بیماری کو بڑھادیتے ہیں۔
ڈاکٹر سے ملاقات کا وقت
فوبیا کی بعض اقسام میں ڈاکٹر دوائیں تجویز کرسکتے ہیں تاکہ آپ فوبیا کی وجہ سے جن علامات کا سامنا کر رہے ہوں ان میں سے کچھ کو کنٹرول ہونے میں مدد مل سکے۔
خوف کے مرض کا شکار ہونا لوگوں کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ ایسے لوگ ایک طرف تو ان چیزوں سے بچنے کی راہیں تلاش کرتے ہیں جو ان کو خوفزدہ کرتی ہیں اور دوسری طرف وہ لوگوں سے اپنے خوف کو چھپانے میں بھی ہلکان ہوئے جاتے ہیں۔
ہپنو تھراپی اور کئی دوسرے طریقہء علاج اس مرض کی شدت کو کم کر سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی کسی ایسے ہی خوف کا شکار ہیں تو اس سلسلے میں تنہا پریشان مت ہوں اور ڈاکٹر سے ضرور اس بارے میں معلومات حاصل کرکے بروقت علاج کروائیں۔